ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مٹی کا سفید تیل کھلے بازار میں دستیاب: قادر

مٹی کا سفید تیل کھلے بازار میں دستیاب: قادر

Tue, 31 Jan 2017 10:49:29    S.O. News Service

بنگلورو،30؍جنوری(ایس اونیوز) ریاست میں مٹی کے سفید تیل کو کھلے بازار میں فروخت کرنے اور بی پی ایل راشن کارڈ ہولڈروں کو رعایتی قیمتوں پر دال مہیا کرانے کی اسکیم کو کل وزیراعلیٰ سدرامیا شروع کریں گے۔ کل صبح ودھان سودھا کے بینکویٹ ہال میں اس اسکیم کی باضابطہ شروعات ہوں گی۔ یہ بات آج وزیر برائے شہری رسد وخوراک یوٹی قادر نے بتائی۔ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کھلے بازار میں مٹی کا سفید تیل 17 روپے فی لیٹر کے حساب سے فروخت کیا جائے گا۔ اسی طرح بی پی ایل راشن کارڈ ہولڈروں کیلئے دال فی کلو 30روپیوں میں مہیا کرائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ہر راشن کارڈ کو ایک کلو دال دی جائے گی۔ بی پی ایل راشن کارڈ ہولڈروں کو پہلے ہی چاول، نمک اور تیل مہیا کرایا جارہا ہے۔ بی پی ایل کارڈ رکھنے والوں کو راشن کی دکانوں میں اپنا مطلوبہ راشن حاصل کرنے کیلئے کوپن مہیا کرائے جائیں گی، جبکہ اے پی ایل راشن کارڈ ہولڈروں کو یہ سہولت نہیں رہے گی۔ا نہوں نے کہاکہ اے پی ایل راشن کارڈ کیلئے آن لائن درخواست درج کرنے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ عرضی جمع کرنے کے پندرہ دن کے اندر راشن کارڈ گھروں تک پہنچا دیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ بہت جلد ہی اے پی ایل راشن کارڈ کی فراہمی کو بھی وقت مقررہ پر انجام دینے کے مقصد کے تحت اسے سکالا اسکیم کا حصہ بنایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ کرناٹک میں اے پی ایل اور بی پی ایل راشن کارڈوں کے مربوط نظام کو بطور ماڈل اپنانے پر حکومت ہریانہ نے آمادگی ظاہر کی ہے۔ اس کاجائزہ لینے کیلئے ہریانہ کے اراکین اسمبلی اور اعلیٰ افسران کی ایک ٹیم ان دنوں دورۂ بنگلور پر ہے۔


Share: